Tuesday, 13 April 2021

سلگتی ریت پہ تحریر جو کہانی ہے

 سلگتی ریت پہ تحریر جو کہانی ہے 

مِرے جنوں کی اک انمول وہ نشانی ہے 

میں اپنے آپ کو تنہا سمجھ رہا تھا مگر 

سنا ہے تم نے بھی صحرا کی خاک چھانی ہے 

غموں کی دھوپ میں رہنا ہے سائباں کی طرح 

خیالِ گیسوئے جاناں کی مہربانی ہے 

کبھی ادھر سے جو گزرے گا کارواں اپنا 

تو ہم بھی دیکھیں گے دریا میں کتنا پانی ہے 

میں اب بھی شان سے زندہ ہوں شہر قاتل میں 

مِرے خدا کی یقیناً یہ مہربانی ہے 

برا نہ مانو تو میں صاف صاف یہ کہہ دوں 

تمہارے پیار کا دعویٰ فقط زبانی ہے 

اندھیرا رہتا نہ باقی کہیں مگر افضل

کب آندھیوں نے چراغوں کی بات مانی ہے 


افضل الہ آبادی

No comments:

Post a Comment