Sunday, 11 April 2021

عشق سے ہٹ کے کوئی اور بلا دے مجھ کو

عشق سے ہٹ کے کوئی اور بلا دے مجھ کو

یہ سزا تو ہے کچھ ایسی کہ مزا دے مجھ کو

تُو نہ دے گا تو کہاں مانگنے جاؤں یا رب

اور بھی کوئی خدا ہے تو بتا دے مجھ کو

جسم کا کیا ہے یہ بازار سے بھی مِل جائے

صرف اُسے چاہوں گا جو روح تھما دے مجھ کو

بے رخی تیری مِرا دل ہے جلائے جاتی

کوئلہ ہوں میں سُلگتا، نہ ہوا دے مجھ کو

میں کہ برباد ہُوا، ان پہ بھروسا کر کے

ہائے لے بیٹھے ہیں جھوٹے تِرے وعدے مجھ کو

میں کوئی تاج نہیں جو بنوں سر کی زینت

خس و خاشاک ہوں میں آگ لگا دے مجھ کو

مدتوں تم نے جسے دل میں چھُپائے رکھّا

آج دل کھول کے وہ بات سُنا دے مجھ کو

اس قدر مجھ پہ برس، پیاس نہ پھر بھڑکے کبھی

میں کہ صحرا ہوں سمندر تُو بنا دے مجھ کو

گھر جو آؤں تو جبیں چُومتی ہے ماں میری

جاؤں باہر تو وہ ہر لمحہ دعا دے مجھ کو

میں اگر نقش ہوں بے کار تو مشکل کیا ہے

تیری مرضی ہے تُو جب چاہے مِٹا دے مجھ کو


ہارون اشفاق​ 

No comments:

Post a Comment