Thursday 25 November 2021

سنگ کو موم بنانے کا ہنر جانتا ہوں

 سنگ کو موم بنانے کا ہنر جانتا ہوں

حدِ ادراک سے آگے کا سفر جانتا ہوں

یہ مِرے یار کی نظروں کی عطا ہے مجھ پر

پسِ دیوار جو ہوتی ہے نظر، جانتا ہوں

ہر کسی شعر پہ دیتا نہیں میں داد کبھی

دل سے نکلیں ہوئی باتوں کا اثر جانتا ہوں

اک ذرا چُھو کے پرکھتا ہوں میں انسانوں کو

آدمی ہے کہ ہے انساں وہ بشر، جانتا ہوں

کب، کہاں، کس سے نمٹنا ہے مجھے آتا ہے

شعر گوئی کے سبب زیر و زبر جانتا ہوں

اہلِ ادراک سے کرتا ہوں محبت دل سے

عام انساں ہوں مگر لعل و گہر جانتا ہوں

عشق میں دل پہ لگے آگ تو خوش بختی ہے

جن سے بجھ جاتے ہیں شعلے وہ شرر جانتا ہوں

وقت کا میں بھی ہوں اک قیس، جبھی ہجراں کے

کیسے ہوتے ہیں شب و روز بسر جانتا ہوں


اشتیاق احمد یاد

No comments:

Post a Comment