Friday, 26 November 2021

زلفوں کو زنجیر بناتا رہتا ہوں

 زلفوں کو زنجیر بناتا رہتا ہوں

بادل سے تصویر اُگاتا رہتا ہوں

کاغذ کا دل تِل تِل کالا ہوتا ہے

اپنے عیبوں پر شرماتا رہتا ہوں

ہر رشتے کی اپنی حِدت ہوتی ہے

مٹی رکھ کر چاک گُھماتا رہتا ہوں

ہر دُکھ میرا، میرا اپنا ہوتا ہے

اسی لیے تو سب کو سُناتا رہتا ہوں

یہ آنسو بھی میرے اپنے تھوڑے ہیں

پُرکھوں کی جاگیر لُٹاتا رہتا ہوں

وہ مجھ کو اُستاد سمجھنے لگتے ہیں

میں بچوں کو خواب دِکھاتا رہتا ہوں

اب تو وہاں پر اس جیسا بھی کوئی نہیں

میں پاگل ہوں، آتا جاتا رہتا ہوں


سلیم محی الدین

No comments:

Post a Comment