Thursday 25 November 2021

گلے سے رات کے ایسے لگی چراغ کی لو

 گلے سے رات کے ایسے لگی چراغ کی لَو

گماں ہُوا کے بچھڑنے لگی چراغ کی لو

ہوا کے ساتھ دِیے کی بھی سانس چلتی ہے

ہوا رُکی تو لَرزنے لگی چراغ کی لو

تمہاری آنکھ کی تعریف کیا چراغ سے کی

تمہاری آنکھ سے جلنے لگی چراغ کی لو

ضرور خون جلایا گیا ہے تیل کے ساتھ

جو اتنی تیز بھڑکنے لگی چراغ کی لو

ہوا لگی ہے اسے بھی نئے زمانے کی

جو اتنے رنگ بدلنے لگی چراغ کی لو

چراغ آئینہ خانے میں لا کے رکھتے ہی

ہر آئینے سے نکلنے لگی چراغ کی لو

ذرا سی دیر جمائی تھی اس پہ آنکھ مگر

مری نظر کو نگلنے لگی چراغ کی لو


آصف رشید اسجد

No comments:

Post a Comment