Sunday, 9 January 2022

ہجر ہے اور ہجر میں اپنا یہ حال کیجیے

 ہجر ہے اور ہجر میں اپنا یہ حال کیجیے

چہرہ تو زرد ہو چکا آنکھوں کو لال کیجیے

میں تو فقیرِ مست ہوں یعنی خمیرِ مست ہوں

کس نے کہا ہے آپ سے میرا خیال کیجیے

وہ تو یہ کہہ کہ چل دیا جینا بھی اک کمال ہے

جینا بھی اک کمال ہے،۔ آپ کمال کیجیے

گھر میں لگا کے آئینہ رہیے پھر اس کے رو برو

سب سے وصال ہوچکا خود سے وصال کیجیے

جسم ہے اور جسم کو کیجے سپردِ تشنگی

وصل ہے اور وصل میں خود کو نڈھال کیجیے

یعنی جواب جو بھی ہو مرنا نہیں سوال کو

دیتا رہے جواب وہ،۔ آپ سوال کیجیے

میرے سکوں کی آپ کو فکر ہی کیوں ہے اس قدر

آپ کی دست رس میں ہوں جینا مُحال کیجیے

پردہ بنا کے لفظ کو مصرع تراشیے جناب

مصرع تراشیے جناب حرف نہال کیجیے

آئی ہے نیند رات کو،۔ دینے نمو ثبات کو

آنکھوں میں خواب کھینچ کر اس کو خیال کیجیے


زیب اورنگ زیب

No comments:

Post a Comment