Thursday, 6 January 2022

ہم تشخص کھو رہے ہیں ذات کی تشہیر میں

 ہم تشخص کھو رہے ہیں ذات کی تشہیر میں

خود بکھرتے جا رہے ہیں کوششِ تعمیر میں

یہ بھی سوچیں کاش عزت کیا ہے اور ذلت ہے کیا

وہ جو رسوا ہو رہے ہیں حسرتِ توقیر میں

آج نخلِ مصلحت کی چھاؤں میں ہے محوِ خواب

پرورش جس کی ہوئی تھی سایۂ شمشیر میں

اے سخنور تم جو کہتے ہو وہ کیوں کرتے نہیں

کیوں ہم آہنگی نہیں کردار اور تحریر میں

اس کی صبحیں دل کشا ہیں اس کی شامیں جاں فزا

کھو گیا جو شخص لطف نالۂ شبگیر میں

ہو عطا جس شخص کو نور بصیرت اے جلال

دیکھ لیتا ہے مصور کو بھی وہ تصویر میں


قاسم جلال

No comments:

Post a Comment