Tuesday, 4 January 2022

طلب کے دشت میں کوئی ملال رہ گیا ہے

 طلب کے دشت میں کوئی ملال رہ گیا ہے

زقَندیں بھرتا ہوا اک غزال رہ گیا ہے

سِلے ہیں زخم مگرخون رِستا رہتا ہے

رفو گری سے مِرا اندمال رہ گیا ہے

کسی طرح سے غزل میں کمی نہیں آئے

اسے بھی نظم کرو جو خیال رہ گیا ہے

میں پل کے پل بھی تِرے بعد مسکرائی نہیں

پلک پہ اشک ہیں، دل میں ملال رہ گیا ہے

برائے دل کوئی تدبیر ہو رفو گری کی

اس آئینے میں جُدائی کا بال رہ گیا ہے

تِرے وصال کی لَو بجھ چکی ہے اور مِرا دل

چراغ خانۂ خواب و خیال رہ گیا ہے

مِرے کہے کو پذیرائی کب مِلی، شہلا

مِرا کمال، سراپا سوال رہ گیا ہے


شہلا شہناز

No comments:

Post a Comment