Monday, 10 January 2022

نہ بھولا جائے گا تم سے غم بے انتہا میرا

 نہ بھولا جائے گا تم سے غم بے انتہا میرا

رہے گا درد بن کر دل میں احساسِ وفا میرا

سلامت ہے یہ جب تک جذبۂ ذوقِ رسا میرا

بگاڑے گی بھلا کیا یہ زمانے کی ہوا میرا

تجلی حسنِ زیبا کی بہاریں روئے روشن کی

انہیں رنگینیوں میں دل بھی شاید کھو گیا میرا

تمہیں پر چھوڑتا ہوں منصفی جرمِ محبت کی

نہ راس آئے گا ایسی کشمکش میں فیصلہ میرا

مجھے برباد ہونے میں تامل کچھ نہیں، لیکن

کوئی منشائے بربادی تو سمجھا دے ذرا میرا

تمہیں آنا پڑے گا آخری دیدار میت پر

تم اپنی آنکھ سے دیکھو گے انجامِ وفا میرا

فضائے خاطر غمگیں سے ویرانی چھلکتی ہے

کوئی منہ دیکھ لے اے زیب! ہنگامِ فنا میرا


زیب بریلوی

No comments:

Post a Comment