Friday, 21 January 2022

ہو گا سرکار کے قدموں میں ٹھکانہ دل کا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہو گا سرکار کے قدموں میں ٹھکانہ دل کا

ان کو بھا جائے اگر نعت سنانا دل کا

آپ کے ہوتے ہوئے غیر سے الفت رکھے

ایسا دل پانے سے اچھا ہے نہ پانا دل کا

گنبد سید عالمﷺ پہ نطر پڑتے ہی

دیکھتے رہ گئے ہم ہاتھ سے جانا دل کا

یہ ہنساتا ہے کبھی اور رلاتا ہے کبھی

یاد آقاﷺ میں ہے انداز یگانہ دل کا

آج تک کوچۂ سرکارﷺ میں میرا نہ سہی

پھر بھی گزرا ہے وہاں ایک زمانہ دل کا

عالمِ جذب میں آداب بھی ملحوظ رہے

اتنا آساں نہیں طیبہ سے لگانا دل کا

در و دیوار تڑپ جائے، صبا رونے لگے

انﷺ کے عشاق سنائیں جو فسانہ دل کا

عاشقِ حسنِ نبیﷺ کو نہ لبھا حسنِ جہاں

غیر ممکن ہے ترے حسن پہ آنا دل کا

چھیڑتا ہے تری سازِ رگِ جاں کو فردوس

انﷺ کے دیدار سے پھولے نہ سمانا دل کا


فردوس فاطمہ اشرفی

No comments:

Post a Comment