Thursday, 14 April 2022

دل دھڑکتا ہے تو پیغامِ سکوں ملتا ہے

 دل دھڑکتا ہے تو پیغامِ سکوں ملتا ہے

ایک مدت میں یہ اندازِ جنوں ملتا ہے

کام کی چیز ہے ناکام تمنا رہنا

کچھ نہ ملنے پہ توقع سے فزوں ملتا ہے

میں تو انساں ہوں فرشتوں کو پسینے آ جائیں

جب تبسم میں نگاہوں کا فسوں ملتا ہے

کہہ رہے ہیں یہ تواریخ کے روشن اوراق

رنگِ ہر نقش میں انسان کا خوں ملتا ہے

حسرتِ طور تجھے، آتش نمرود مجھے

حسبِ توفیق نظر سوز دروں ملتا ہے

اس توجہ سے تغافل ہی کہیں بہتر تھا

اب تڑپنے میں بھی مشکل سے سکوں ملتا ہے

غیرتِ عشق پہ آتا ہے تو حرف آئے بہار

زلفِ شب رنگ کے سائے میں سکوں ملتا ہے


بہار کوٹی

No comments:

Post a Comment