Thursday, 7 April 2022

ایسے نہ آپ دیکھیے ترچھی نگاہ سے

ایسے نہ آپ دیکھیے تِرچھی نگاہ سے

پرہیز کر رہے ہیں ابھی ہم گناہ سے

ہو گا ضرور ثانئ یوسف کوئی وہاں

اک روشنی سی پُھوٹتی ہے دل کے چاہ سے

رکھنا پڑے گی دو سے بہ ہر طور دوستی

زاہد سے شیخ سے یا گداگر سے، شاہ سے

چہرے کی گرد پاؤں کے چھالے کہیں ہمیں

منزل بہت قریب ہے پلٹو نہ راہ سے

چارہ گرو! دوا ہے یہی آزماؤ پھر

حالت سنبھل رہی ہے مِرے دل کی، آہ سے

اک دور تھا کہ روشنی زیبِ بدن رہی

اک دور یہ کہ تیرگی کی ہیں پناہ میں

بزمِ طرب کو زیست کا حاصل نہ جان تُو

منزل تجھے ملے گی کسی غم کی راہ سے

بے جُرم ہم نے یوں بھی سزا پائی بارہا

مانوس وہ نہ تھے جو کسی غم سے، آہ سے

منصف سیہ لباس اتارے نہ جب تلک

اوجھل نہ ہو گا منظرِ وحشت نگاہ سے


نوشاد منصف

No comments:

Post a Comment