Wednesday, 13 April 2022

میں تیری آگ کے اندر اتر کے دیکھوں گا

 میں تیری آگ کے اندر اتر کے دیکھوں گا

جلوں گا اور کرشمے ہنر کے دیکھوں گا

تجھے پتا چلے آبِ رواں کو کیا دُکھ ہے

میں ایک دن تجھے چھاگل میں بھر کے دیکھوں گا

مِلاؤں گا نئے اجزا تِرے مُرکب میں

دوبارہ حُسن کی تشکیل کر کے دیکھوں گا

مِرا مزاج کُہستانی ہے، مگر پھر بھی

ہوا میں ریت کی صورت بکھر کے دیکھوں گا

ہمیشہ میں نے تجھے سرسری ہی دیکھا ہے

حجاب اٹھاؤں گا اور آنکھ بھر کے دیکھوں گا

تِری تہوں میں پڑا ہی نہیں رہوں گا میں

بس ایک جست بھروں گا، اُبھر کے دیکھوں گا

ہمیشہ متن کا کچھ حصہ چھوٹ جاتا ہے

سو آج شب تِری تلخیص کر کے دیکھوں گا


رفیق سندیلوی

No comments:

Post a Comment