Sunday 23 October 2022

لوگ اب دعاؤں میں آنکھیں نہ بھیجیں

 اور پیغام آیا ہے

لوگ اب دعاؤں میں آنکھیں نہ بھیجیں

یہاں پہلے ہی

کھارا پانی بہت ہے

بہت دور سے چاہتیں بھیجنے والے

اپنے گھروں میں سلامت رہیں

ہو سکے تو یہاں

خالی خط کے لفافے نہ بھیجیں

یہاں پر زمیں کے لیے ڈاک پہلے سے موجود ہے

تین سے ساٹھ ستر برس کی کئی چٹھیاں

بستیوں میں کُھلے آسمانوں کے نیچے

کسی ڈاکیے کے لیے منتظر ہیں

جو سیلاب کے رُوٹ کو توڑ کر

آخری منزلوں کی طرف

پوسٹ کرنے سے پہلے انہیں چوم کر کچھ پڑھے

کوئی کچھ بھی نہ بھیجے

نہ خیمے دوائی، نہ پانی نہ کھانا

اگر بھوک سے ہی ہمیں مرنا ہوتا تو ان پانیوں کو

بھلا اس طرف کوئی کیوں بھیجتا؟

کیا وہاں ٹینٹ، ترپال خیموں کی قیمت بہت بڑھ گئی ہے؟

ضرورت ہی کیا ہے

اگر بھیجنا ہے تو ان حکمرانوں

اور ان جیسے دکانداروں کی کالی زبانوں کو 

اس بار گُدی سے کھینچو

یہ مکروہ دل چیر کر بھیج دو

کہ یہاں اس نمی میں

یہی خشک بنجر

یہی کالے پتھر سہارا بنیں گے


ہمایوں احمد منصور

No comments:

Post a Comment