Sunday, 23 October 2022

بیٹھا ہے دل میں چھپ کے تمہارے عدو کہیں

 بیٹھا ہے دل میں چھپ کے تمہارے عدو کہیں

برباد ہو نہ جائے مِری جستجو کہیں

اس پر اثر نہیں ہے کسی بات کا ابھی

بے کار ہو نہ جائے مِری گفتگو کہیں

پینے کا شوق ہے تو رہے یہ خیال بھی

ٹکرا کے ٹوٹ جائے نہ جام و سبو کہیں

اب آ بھی جاؤ وقت بہت کم ہے سوچ لو

ناکام ہو نہ جائے مِری آرزو کہیں

یوں لگ رہا ہے بہتا رہا خوں مدتوں

تھے دل میں زخم اور کہیں اور رفو کہیں

وہ پاک دامنی میں ہے مشہور اس قدر

جل جاؤ گے جو دیکھو اسے بے وضو کہیں

یہ سوچتا ہوں بڑھ کے اسے چوم لوں ضیا

مل جائے تیرے جیسا اگر ہو بہو کہیں


ضیا شادانی

No comments:

Post a Comment