Tuesday, 1 November 2022

دیار بے خودی ہے اس سے آگے

 دیارِ بے خودی ہے، اس سے آگے

ابھی آوارگی ہے، اس سے آگے

لبوں میں آنسوؤں کو جذب کر لو

بلا کی تشنگی ہے، اس سے آگے

شعور و لاشعوری بھی بجا ہے

مقامِ آگہی ہے، اس سے آگے

لبِ ساحل پہ  ہیں موجوں کے نوحے

غضب کی خامشی ہے، اس سے آگے

سبو میں جب کوئی آنکھیں ملا دے

سرورِ مے کشی ہے، اس سے آگے

بجھا ہوں شب کے بہکاوے میں اختر

سنا تھا روشنی ہے، اس سے آگے


شیراز اختر

No comments:

Post a Comment