عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
جو راہ حق کی زمانے بھر کو دکھا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
خدا کے گھر کو جو آ کے کعبہ بنا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
بنائے شمس و قمر بچھائی زمین، عرشِ علیٰ بنایا
تو جس کی خاطر خدا یہ دنیا سجا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
ہو مال و دولت یا خوں پسینا خدیجہؑ بى بى کا ہے خزینہ
خدا کے دیں پہ جو اپنا سب کچھ لٹا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
زکوٰۃ کیسے ادا کریں گے نماز پڑھنی ہے کس طرح سے
اصول جو بندگی کے سب کو سکھا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
حجابِ اکبر کو اپنے دامن کے اور حجابات میں چھپا کر
جو اپنى گودی میں فاطمہؑ کو سُلا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
سجا کے پالان کا جو منبر اٹھا کے اپنے ہی بازوؤں پر
غدیرِ خم میں علیؑ کو مولا بنا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
لٹا کے گھر فخرؔ اپنا سارا بچایا کلمہ بچایا سجدہ
یہ جس کا بیٹا خدا کے دیں کو بچا رہا ہے وہ مصطفیٰؐ ہے
فخر عباس رضوى
No comments:
Post a Comment