Tuesday 30 July 2024

اہل ایماں کو گل تر نظر آتے ہیں حسین

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


اہلِ ایماں کو گلِ تر نظر آتے ہیں حسینؑ

اور کبھی ان سے بھی بڑھ کر نظر آتے ہیں حسینؑ

یوں تو ہم شکلِ پیمبرﷺ نظر آتے ہیں مگر

حالتِ جنگ میں حیدرؑ نظر آتے ہیں حسینؑ

جس طرح چاند بدل لیتا ہے شکلیں اپنی 

کبھی اصغرؑ کبھی اکبرؑ نظر آتے ہیں حسینؑ

کرتے ہیں دوشِ پیمبرﷺ پہ سواری پہلے 

اور پھر نوکِ سناں پر نظر آتے ہیں حسینؑ

پہلے بے گھر نظر آتے تھے سرِ دشتِ بلا 

دشت کے بعد تو گھر گھر نظر آتے ہیں حسینؑ

ایسے لگتا ہے کنارے سے سفینہ حُر کا 

جاگ اٹھتا ہے مقدر نظر آتے ہیں حسینؑ

عقل اور عشق بھی جھگڑا نہیں کرتے اس پر 

زیف دونوں ہی کو حق پر نظر آتے ہیں حسینؑ


حماد زیف

No comments:

Post a Comment