Friday, 13 September 2024

میرا ایماں ہو سلامت زہے قسمت میری

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میرا ایماں ہو سلامت، زہے قسمت میری

تا اَبَد زندہ رہے آپﷺ سے نسبت میری

دل و جاں جھوم اٹھیں آپ کا رستہ دیکھیں

پر جبریلؑ کی پرواز ہو رفعت میری

بگڑی بن جائے اگر آپ کے قدموں میں رہوں

فلک آسا مجھے رکھے گی اطاعت میری

آپﷺ کی نذر کروں سارے اثاثے اپنے

سرخرو ہوتی رہے ایسے سخاوت میری

آپ کی بات سنوں، آپ کو ہر دم سوچوں

مستند ہے تو یہی ایک عبادت میری

نور کا ذکر ہوا نور کا منبع چمکا

اے خوشا! ہو گئی پُر نُور محبت میری

جس طرح آپ نے اغیار کو اپنایا ہے

عفو کی زندہ علامت ہو مروّت میری

ہو ریاض ایسا کہ بس آپ کی خوشبو مہکے

گلشن زیست میں کام آئے ریاضت میری


ریاض زیدی

No comments:

Post a Comment