عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
یارب! مجھے توصیف پیمبرﷺ کی زباں دے
سرشار کرے رُوح کو جو ایسا بیاں دے
دُنیا ہو کہ دیں آپﷺ کے کہنے پہ سجاؤں
حق دونوں کا ہو خوب ادا، دونوں جہاں دے
اُمت کے لیے آپﷺ نے کیا کچھ نہ کیا تھا
غم خوارئ ملت کی مجھے آہ و فغاں دے
بے حُرمتئ فکر و عمل کا ہو مداوا
اے کاش! خدا مجھ کو مدینے میں اماں دے
ہو آپﷺ ہی کی نسبت عالی سے تعلق
اللہ مجھے آپﷺ ہی کا نام و نشاں دے
یا رب! مِرے ہاتھوں میں رہے آپﷺ کا پرچم
اور اس کی حفاظت کے لیے تیر و سناں دے
اے غارِ حِرا! مجھ کو عطا ہو تِرا منظر
مہکے ہوئے سانسوں کا مزہ نور فشاں دے
ہو جائے ریاض ایسا کہ پھر نعت نبی ہو
پھر حسبِ ثنا، حرف و بیاں، قلبِ تپاں دے
ریاض زیدی
No comments:
Post a Comment