عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
شمس کو واپس بُلانا، مصطفیٰﷺ کا مُعجزہ
چاند ٹُکڑے کر دِکھانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
سر کی آنکھوں سے خدائے برتر و ذی شان کا
دِل نشیں دِیدار پانا، مصطفیٰﷺ کا مُعجزہ
کنکروں کا بولنا اعجازِ ختمُ المرسلیںﷺ
پیڑ کا قدموں میں آنا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
کر کے جاری آب کا انگشت ہائے پاک سے
پیاس پیاسوں کی بُجھانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
حضرتِ جابر کے ہاں دعوت میں رب کے اِذن سے
مُردہ بچوں کو جِلانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
دِل میں جو رکھے ہُوئے آیا تھا سردارِ یمن
بات وہ بھی جان جانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
رات بھر میں عُمدہ و اعلیٰ کھجوروں کے شجر
گُھٹلیوں کے بِن اُگانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
عائشہ کا حُجرۂ تاریک بھی اِک شان سے
مُسکرا کر جگمگانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
بخش کر اپنا لُعابِ پاک آبِ تلخ کو
شہد سے شِیریں بنانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
ایک ہی ساعت میں اے عارف، کئی افراد کی
قبر میں تشریف لانا، مصطفیٰﷺ کا معجزہ
محمد عارف قادری
No comments:
Post a Comment