Wednesday, 2 October 2024

ہاتھ خالی شہ کوثر نہیں جانے دیتے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہاتھ خالی شہِ کوثرؐ نہیں جانے دیتے

بندۂ در کو وہ در در نہیں جانے دیتے

حیطۂ خیر میں رکھتے ہیں سدا خیرِ بشرؐ

جانبِ شر ہمیں یکسر نہیں جانے دیتے

لطف ایسے بھی وہ فرماتے ہیں مہجوروں پر

صدمۂ ہجر سے باہر نہیں جانے دیتے

سر کٹا لیتے ہیں عشاق مگر سینے سے

دولتِ عشقِ پیمبرﷺ نہیں جانے دیتے

تنگدستی میں بھی دامانِ غِنا ہاتھوں سے

آپ کے مست قلندر نہیں جانے دیتے

آپ کی مدح سرائی کے مواقع یوں ہی

خدمتِ نعت کے خوگر نہیں جانے دیتے

وقت ایسا بھی کبھی زیست میں آتا رضوی

وہ ہمیں پاس بلا کر نہیں جانے دیتے


نورالہدیٰ رضوی

No comments:

Post a Comment