Wednesday, 9 October 2024

کاٹے ہیں دن حیات کے لاچار کی طرح

 کاٹے ہیں دن حیات کے لاچار کی طرح

کہنے کو زندگی ہے یہ گُلزار کی طرح

معلوم ہی نہ تھیں انہیں کچھ اپنی قیمتیں

اہلِ قلم بِکے یہاں اخبار کی طرح

تقریر اس نے کی تھی ہمارے خلاف جو

ہر لفظ چُبھ رہا ہے ہمیں خار کی طرح

کیا تم پہ اعتبار کریں تم ہی کچھ کہو؟

قول و قرار کرتے ہو سرکار کی طرح

نکلے گی کیسے کوئی ملاقات کی سبیل

دُنیا کھڑی ہے راہ میں دیوار کی طرح

غیرت ہمیں عزیز ہے غیرت سے ہم جیے

پہنی ہے ہم نے سر پہ یہ دستار کی طرح

اے شوبھا! دیکھ ان کی ذرا خوش لباسیاں

نکلے ہیں بن کے وہ کسی گُلزار کی طرح


شوبھا ککل

No comments:

Post a Comment