Monday 14 October 2024

وہ ہم خیال نہیں پھر بھی ساتھ چلتا ہے

 وہ ہم خیال نہیں پھر بھی ساتھ چلتا ہے

یہی تضاد تو جیون میں رنگ بھرتا ہے

میں اس کی رائے سے کچھ اتنا مطمئن بھی نہیں

مُہر بہ لب ہوں کہ سِکہ اسی کا چلتا ہے

میں اک چراغ تھا طوفاں سے دوستی کر لی

خِرد نہ سمجھے اسے پر جنوں سمجھتا ہے

یزید مورچہ جیتا تھا،۔ جنگ ہارا تھا

یہ سچ رگوں میں مِرے انقلاب بھرتا ہے

اس اک غریب سے اتنے سوال مت پوچھو

جو حال زار بھی کہتے ہوئے ہچکتا ہے

وہ اشتہار میں سب کچھ ہی پا گیا لیکن

غریب شہر تو تِل تِل کو اب بھی مرتا ہے

یقیں ہے اس کو صِلہ خوب پاؤں گا اب تو

وہ جاں بھی لیتا ہے اور مُشتہر بھی کرتا ہے

زمیں کے ناز اٹھائے گا کون اے شارب

کسان اب تو نِراشا کے بَن میں رہتا ہے


سید اقبال رضوی شارب  

No comments:

Post a Comment