Tuesday, 27 May 2025

چہرہ شمس الضحیٰ دلربا آپ کا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


چہرہ شمس الضحیٰ، دلربا آپؐ کا

کوئی ثانی کہاں مصطفیٰﷺ آپ کا

حوض کوثر کے ساقی شہہ دوجہاں

دستِ قدرت ہے دستِ عطا آپ کا

شافعِ روز محشرﷺ کرم کیجیے

مجھ سے عاصی کو ہے آسرا آپ کا

مظہر نور حق، جان عالم پناہ

مِلک و تملیک و ملکِ خدا آپ کا

آپ چاہیں جسے، بس ہے مقبول وہ

آپ کی سب خدائی، خدا آپ کا

ہر طرف بوئے زلفِ دوتا آپ کی

ورد رکھتی ہے موجِ صبا آپ کا

رنگ و بو کو ملی آپ سے دلکشی

حسن ہے جز و کُل میں رچا آپ کا

نعت سرمد لکھے جب تلک جاں رہے

لطف مجھ پر رہے یوں سدا آپ کا


شاہنواز سرمد

No comments:

Post a Comment