Monday, 26 May 2025

وہ خاتم المرسلین جس نے تمام شعبوں میں زندگی کے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


وہ خاتم المرسلینؐ جس نے

تمام شعبوں میں زندگی کے

عمل کے پیکر میں خود کو ڈھالا

امین ایسا

کہ خود امانت کو

اپنی قسمت پہ رشک آئے

رحیم ایسا

کہ جس کو اللہ

رحمت اللعالمیں بنائے

نعیم ایسا

کہ دونوں عالم کی نعمتیں ہیں

اسی کی چوکھٹ پہ سر جھکائے

معین ایسا

پئے عیادت

جو دشمنوں کے بھی گھر پہ جائے

علیم ایسا

کہ علم و دانش کا شہر بن کر جہاں پہ چھائے

مبین ایسا

جمالِ یوسف بھی

جس کے آگے نہ سر اٹھائے

وکیل ایسا

کہ دینِ حق جس کی عافیت میں عروج پائے

عدیل ایسا

کہ عدل و انصاف کی روح کو بھی سرور آئے

اسی کی دم سے یہ نور کا ایک سلسلہ جو

ازل سے تا ابد رہے گا

کرم سے جس کے ضرور چمکے گا ایک دن

اپنی قسمت کا بھی ستارہ


عباس رضا تنویر

No comments:

Post a Comment