Friday, 6 January 2017

ہے جب سے دست یار میں ساغر شراب کا

ہے جب سے دستِ یار میں ساغر شراب کا
کوڑی کا ہو گیا ہے کٹورا گلاب کا
صیاد نے تسلئ بلبل کے واسطے
کنجِ قفس میں حوض بھرا ہے گلاب کا
دریائے خوں کیا ہے تِری تیغ نے رواں
حاصل ہوا ہے رتبہ سروں کو، حباب کا
جو سطر ہے، وہ گیسوئے حورِ بہشت ہے
خالِ پری ہے نقطہ، ہماری کتاب کا
نو آسماں ہیں صفحۂ اول کے نو لغت
کونین، اک دو ورقہ ہے اپنی کتاب کا
اے موجِ بے لحاظ، سمجھ کر مٹائیو
دریا بھی ہے اسیرِ طلسمِ حباب کا
اک ترک شہسوار کی دیوانی روح ہے
رنجیر میں ہمارے ہو لوہا رکاب کا
حسن و جمال سے ہے زمانے میں روشنی
شب ماہتاب کی ہے، تو روز آفتاب کا
اللہ رے، ہمارا تکلف، شبِ وصال
روغن کے بدلے عطر جلایا گلاب کا
مسجد سے میکدے میں مجھے نشہ لے گیا
موجِ شرابِ جادہ تھی، راہِ ثواب کا
انصاف سے وہ زمزمہ میرا اگر سنے
دم بند ہووے طوطئ حاضر جواب کا
الفت جو زلف سے ہے دلِ داغدار کو
طاؤس کو یہ عشق نہ ہو گا سحاب کا
معمور جو ہوا عرقِ رخ سے وہ ذقن
مضمون مل گیا مجھے چاہِ گلاب کا
پاتا ہوں ناف کا کمرِ یار میں مقام
چشمہ مگر عدم میں ہے گوہر کی آب کا
آتؔش شبِ فراق میں پوچھوں گا ماہ سے
یہ داغ ہے دیا ہوا کس آفتاب کا

حیدر علی آتش

No comments:

Post a Comment