Monday, 14 September 2020

اب حرف تمنا کو سماعت نہ ملے گی

اب حرفِ تمنا کو سماعت نہ مِلے گی
بیچو گے اگر خواب تو قیمت نہ ملے گی
تشہیر کے بازار میں اے تازہ خریدار
زیبائشیں مل جائیں گی قامت نہ ملے گی
لمحوں کے تعاقب میں گزر جائیں گی صدیاں
یوں وقت تو مل جائے گا، مہلت نہ ملے گی
سوچا ہی نہ تھا یوں بھی اسے یاد رکھیں گے
جب اس کو بھلانے کی بھی فرصت نہ ملے گی
تا عمر وہی کارِ زیاں عشق رہا یاد
حالانکہ یہ معلوم تھا اجرت نہ ملے گی
تعبیر نظر آنے لگی خواب کی صورت
اب خواب ہی دیکھو گے بشارت نہ ملے گی
آئینہ صفت وقت تِرا حسن ہیں ہم لوگ
کل آئینے ترسیں گے تو صورت نہ ملے گی

پیرزادہ قاسم صدیقی

No comments:

Post a Comment