Tuesday, 8 September 2020

چھین لی رونق میخانہ انہیں لوگوں نے

چھین لی رونقِ مے خانہ انہِیں لوگوں نے
روک دی گردشِ پیمانہ انہیں لوگوں نے
بات صرف اتنی تھی ان سے تھی محبت مجھ کو
بس، اسے کر دیا افسانہ انہیں لوگوں نے
دل کی دنیا میں ہیں اب صرف امیدوں کے مزار
خلد کو کر دیا ویرانہ انہیں لوگوں نے
ہوش کی بات کبھی جس کی زباں سے نکلی
اس کو ٹھہرا دیا دیوانہ انہیں لوگوں نے
اپنی مٹی کی طرح خوب ہی کی ہے برباد
عظمتِ کعبہ و بت خانہ انہیں لوگوں نے
مذہبِ عشق میں جاں اپنی لٹانا ہے ثواب
ترک کی سنتِ پروانہ انہیں لوگوں نے
بیچ دی سرمہ فروشوں کی طرح وائے علیم
لے کے خاکِ درِ جانانہ انہیں لوگوں نے

علیم عثمانی

No comments:

Post a Comment