Tuesday, 8 September 2020

یہ کربلا ہے یہاں ہے حصار تشنہ لبی

عارفانہ کلام منقبت سلام مرثیہ

یہ کربلا ہے یہاں ہے حصارِ تشنہ لبی
یہاں پہ آب و ہوا ہے شکار تشنہ لبی
یہاں کی خاک سے صیقل ہوئی طلائے فلک
یہاں کی خاک ہوئی زرنگار تشنہ لبی
اٹھایا چلو میں پانی اٹھا کے پھینک دیا
کہ اب فرات پہ ہے اختیار تشنہ لبی
"کسے مجال ترائی کو چھین لے ہم سے"
کسے مجال کہ ہو ذمہ دار تشنہ لبی
یہ زخمِ چشم ہرا ہے شمیمِ گریہ سے
یہاں پہ ٹھہری ہوئی ہے بہار تشنہ لبی
ذرا سی دیر کھِلا تھا تبسمِ اصغرؑ
لبوں پہ پھیل گیا اختیار تشنہ لبی
لہو سے ہو چکے سیراب، لوگ جا بھی چکے
پیالہ کرتا رہا انتظار تشنہ لبی
یہ آسماں پہ جو بادل دکھائی دیتا ہے
خرام کرنے لگا ہے غبار تشنہ لبی
ہٹا رہا ہے پڑاؤ کنارِ دریا سے
بڑھا رہا ہے کوئی اعتبار تشنہ لبی
عجیب خشکیِ لب ہے عجیب رنگ عطش
کہ سلسبیل کرے انتظار تشنہ لبی
ؑدہانِ اکبرؑ خوشرو، لبانِ مسلمؑ و جون
کہاں کہاں نظر آیا وقار تشنہ لبی
فرات وہ تِری صورت نظر نہیں آتی
یہ آئینہ بھی ہوا داغدار تشنہ لبی

عارف امام

No comments:

Post a Comment