Tuesday, 9 March 2021

شاخ سے اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے

 شاخ سے اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے 

پھول کو بکھرنے میں دیر کتنی لگتی ہے

عمر بیت سکتی ہے بات کو نبھانے میں 

بات سے مُکرنے میں دیر کتنی لگتی ہے

یہ تِری جدائی کی یادگار ہے، ورنہ

ایک زخم بھرنے میں دیر کتنی لگتی  ہے

موج میں ہے شہرت کی تیرے نام کا دریا

موج کو اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے

بال و پر سے جڑتا ہے سلسلہ اڑانوں  کا

بال و پر کترنے میں دیر کتنی لگتی ہے 

ہیر، سوہنی، سَسی کہہ گئیں زمانے سے

عشق ہو تو مرنے میں دیر کتنی لگتی ہے

لمس  کی حرارت سے، ہاتھ آئی تتلی کے

رنگ کو اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے

ایک وقت لگتا ہے ہجر سے نکلنے میں 

وصل سے گزرنے میں دیر کتنی لگتی ہے


ناصرہ زبیری

1 comment: