Friday, 5 March 2021

تیری خاطر ہی رہا تیرے بہانے سے رہا

 تیری خاطر ہی رہا تیرے بہانے سے رہا

اک تعلق جو مِرا سارے زمانے سے رہا

کیا یہ کم ہے کہ تِری رہ سے ہٹاؤں پتھر

اب ستارے تو سرِ راہ بچھانے سے رہا

مجھ سے تو مل کے جدا اپنی سہولت سے ہوا

اب میں طوفاں تو کوئی اس پہ اٹھانے سے رہا

میں چراغوں میں لہو بھر کے جلا سکتا ہوں

چاند قدموں میں تو اب لا کے سجانے سے رہا

تجھ کو معلوم ہے گر شیشہ گری کا تو بتا

عکس کیوں دور تِرے آئینہ خانے سے رہا

تو کبھی اپنے رویے پہ بھی کچھ غور تو کر

یہ تعلق میں اکیلا تو نبھانے سے رہا

عشق مجبورِ تماشا ہو ضروری بھی نہیں

خاک چوکھٹ کی تِری زین اڑانے سے رہا


اشتیاق زین

No comments:

Post a Comment