Saturday, 1 May 2021

پڑھ کے دکھ درد کئی وار سے لگ جاتے ہیں

 پڑھ کے دُکھ درد کئی وار سے لگ جاتے ہیں

چند گھاؤ ہمیں اخبار سے لگ جاتے ہیں

آپ کے لفظ تسلی ہی نہیں دیتے فقط

زخم بھی آپ کی گُفتار سے لگ جاتے ہیں

اور ہیں لوگ جو لگتے ہیں تِرے سینے سے

ہم سے بد بخت تو دیوار سے لگ جاتے ہیں

چار لمحوں کے لیے کوئی خوشی ملتی نہیں

اور دُکھ درد کے انبار سے لگ جاتے ہیں

بخش دیجے گا دمِ وصل شفق ہاتھ مِرے

خود بخود آپ کے رُخسار سے لگ جاتے ہیں


عائشہ شفق

No comments:

Post a Comment