Sunday, 18 July 2021

راحتوں کے دھوکے میں اضطراب ڈھونڈے ہیں

 راحتوں کے دھوکے میں اضطراب ڈُھونڈے ہیں

ہم نے اپنی خاطر ہی خود عذاب ڈھونڈے ہیں

یہ تو اُس کی عادت ہے روز گُل مسلتا ہے

آج بھی مسلنے کو کچھ گُلاب ڈھونڈے ہیں

رات آندھی آنے پر اُڑ گئے تھے خیمے سب

غافلوں نے مشکل سے کچھ طناب ڈھونڈے ہیں

تیری حکمرانی بھی ختم ہونے والی ہے

ہم نے کچھ کتابوں میں انقلاب ڈھونڈے ہیں

میرے کچھ سوالوں کے تم نے ایک مُدت میں

مسئلوں سے ہٹ کر ہی کیوں جواب ڈھونڈے ہیں

کالے کارنامے اور کالا منہ چھپانے کو

کچھ سفید پوشوں نے کچھ نقاب ڈھونڈے ہیں

دیکھیے ضمیر ہم بھی ہیں عجب ہی دیوانے

چھوڑ کر حقیقت کو ہم جواب ڈھونڈے ہیں


ضمیر اترولوی

No comments:

Post a Comment