تمہارے ہاتھ کی چائے
ابھی تک یاد ہے مجھ کو
تمہیں بھی یاد تو ہو گا
کہ بھُولی تو نہیں ہو گی
بلا کی سرد شاموں میں
تمہارے ہاسٹل میں بیٹھ کر
ہم چائے پیتے تھے
تمہاری نک چڑھی سی دوست
مجھ سے خار کھاتی تھی
مجھے بھی زہر لگتی تھی
بھلا سا نام تھا اس کا
بھلا سا نام تھا اس کا
چلو چھوڑو ہمیں کیا لینا دینا
نام سے اس کے
مجھے تو بس یونہی تم یاد آئی تو
تمہارے ساتھ گزرے دن
دنوں سے منسلک وہ سب حوالے یاد آئے ہیں
تمہارے ہاتھ کی چائے
حوالہ ہے محبت کا
تمہارا نیلگوں سا مگ ابھی تک یاد ہے مجھ کو
اسی مگ سے ہم اک اک گھونٹ پیتے تھے
وہی دن تھے کہ جب میں نے سنا تھا یہ
کہ نیلا رنگ ہوتا ہے محبت کا
اسی کارن تمہارا نیلگوں مگ مجھ کو بھاتا تھا
ہم اپنے ہونٹ اس پہ اِک طرف سے ثبت کرتے تھے
سمجھتے تھے کہ بس یہ ہی محبت ہے
یہی تم چاہتی تھیں تم جہاں سے چائے پیتی ہو
وہیں سے میں پیوں چائے
یہی میری بھی خواہش تھی
عجب دن تھے محبت میں تمہاری جو گزارے ہیں
مگر کب تک
زمانہ جھیلتا کب تک
تِری میری محبت کو
سو اپنے درمیاں بھی اک زمانہ آن ٹھہرا ہے
تمہارے اور میرے درمیاں اک عہد حائل ہے
بڑھی ہیں دوریاں جب سے
تو کتنے کام نپٹانے پڑے ہیں
کیا خبر تم کو
اب ایسا ہے
کہ نقدِ جاں بہت کم ہے
مِرے بالوں میں بھی چاندی جھلکتی ہے
مگر پھر بھی تمہارے ہاتھ کی چائے
اک ایسے مگ میں پینے کو مچلتا ہے یہ دل میرا
کہ جس پہ تیرے اور میرے لبوں کا لمس جیتا ہو
کاشف حنیف
No comments:
Post a Comment