Saturday, 15 January 2022

نظریہ کیا ہے آخر زندگی کی کیا کہانی ہے

 نظریہ کیا ہے آخر زندگی کی کیا کہانی ہے

کہ میں جتنا سمجھ پائی یونہی سب رائیگانی ہے

مِری آنکھوں میں دیکھو گے تو پھر یہ جان پاؤ گے

یہ صدیوں کی محبت ہے وفا کی ترجمانی ہے

بہت سے جھوٹ بولے ہوں کہیں سچ بھی تو شامل ہے

سو کر دینا معاف اتنی شناسائی پرانی ہے

کہیں جذبوں کی شدت سے محبت اگنے لگتی ہے

مگر نفرت کے دھارے میں مسلسل کھارا پانی ہے

دعا کرنا کہ گھر آنگن کے سب رشتے سلامت ہوں

کہ اب باد مخالف نے کسی طوفاں کی ٹھانی ہے

جہاں بابا نہ اماں ہیں وہاں اک بار مل بیٹھیں

جہاں بچپن گزار آئے جہاں اپنی جوانی ہے

ڈراتا ہے ہرے موسم میں سب پتوں کا جھڑ جانا

شجر کی بے لباسی تو بچھڑنے کی نشانی ہے


آئرین فرحت

No comments:

Post a Comment