Sunday, 16 January 2022

پلکوں سے لپٹا خواب یہ مفلس پربتوں کے شہر

 پلکوں سے لپٹا خواب


یہ مفلس پربتوں کے شہر بھی آباد لگتے ہیں

جو موسم بانجھ تھے وہ بھی

پلٹتے ہیں پہاڑوں پر

کسی گُلریز ساعت میں

عقوبت خانوں کی زینت

وطن کے نام لیوا

ناچتے ہیں گردشوں میں

گردشوں کو بھول جاتے ہیں

کبھی پنجاب کا اِک ڈھولچی لَے کو بڑھاتا ہے

توکّل مست ہو کر ہیر وارث شاہ گاتا ہے

محافظ، پانیوں کی لہر پہ چپو چلاتا ہے

کہ ہم بستہ و پیوستہ سی جنبش تاؤ کھاتی ہے

کسی دُشمن کی چالوں پر

اُترتی ہے محبت کے دلوں پر روشنی

رحمان بابا کی

کبھی چکوال کے گھوڑے فضا کو چیرتے ہیں

اور پولو کے لیے شندور جاتے ہیں

کبھی پنجابیوں کی گردنیں اجرک سجاتی ہیں

کبھی چیری زیارت کی لبوں کو سُرخ کرتی ہے

کبھی لوہڑی کا جھومر سندھ کی جھولی میں جاتا ہے

صوابی کے ملنگوں کی دھمالوں سے کبھی سیہون دھڑکتا ہے

کبھی سچل ہمالہ مست ہوتا ہے

زمانہ ہوش کھوتا ہے

یہ سنتو، دیوتا کے روپ میں درویشِ کامل ہے

جو خوشحالی کی فصلوں کو اُگاتا ہے

مٹھاس اپنی یہ کھارے پانیوں میں گھول جاتا ہے

کوئی دلدل تعصب کی نہیں باقی

کسی برگد تلے گوتم توجہ کا کوئی تکیہ لگاتا ہے

شہِ لولاک کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آتا ہے


عرفان شہود

No comments:

Post a Comment