Sunday, 16 January 2022

مر جائیں گے پندار کا سودا نہ کریں گے

 مر جائیں گے پندار کا سودا نہ کریں گے

ایسا نہ کریں گے، کبھی ایسا نہ کریں گے

وہ زخم بھی پہنچائیں کریں چارہ گری بھی

یہ بھول کبھی میرے مسیحا نہ کریں گے

پھوٹے گی سحر دیدۂ گریاں سے ہمارے

خوں ریز تبسم کا اجالا نہ کریں گے

آئے گا زباں پر نہ کبھی حرف شکایت

ہم ذکر غزل میں بھی تمہارا نہ کریں گے

شبنم کی صفت شعلہ مزاجوں کو نہیں دیں

یہ اس کی نزاکت کو گوارا نہ کریں گے

جائیں گے سرِ دار بھی احرام ہی باندھے

ہم شیوۂ حق گوئی کو رسوا نہ کریں گے

ہم زخموں کی شدت کو بیاں کر کے بھی طرزی

قاتل ہی کا خود اپنے قد اونچا نہ کریں گے


عبدالمنان طرزی

No comments:

Post a Comment