Sunday, 9 January 2022

ہجر کا حل نہیں اس ہجر میں خود حل ہو جا

 ہجر کا حل نہیں اس ہجر میں خود حل ہو جا

مجھ سے دانائی مِری کہتی ہے؛ پاگل ہو جا

رنگ جتنے بھی مِرے پاس تھے سب بھر دئیے ہیں

اب تو اے یار کی تصویر! مکمل ہو جا

قطرۂ اشک سہی، کام لے دریا دلی سے

اُٹھ کے پلکوں سے مِرے شہر پہ بادل ہو جا

کب تلک شانوں پہ سر رکھے گا تہمت کی طرح

آبرو پیاری ہے تو داخلِ مقتل ہو جا

اور دیکھا نہیں جاتا تِرا جانا مجھ سے

جانے والے تُو مِری آنکھ سے اوجھل ہو جا

دیکھ نائب ہوں یہاں کُن فیکوں کے رب کا

ہو جا آسان تُو اے کارِ جہاں! چل ہو جا


عقیل شاہ

No comments:

Post a Comment