Monday, 11 April 2022

کاٹھ کی لڑکیاں بنا لی ہیں

 کاٹھ کی لڑکیاں بنا لی ہیں

میں نے کٹھ پتلیاں بنا لی ہیں

نام اس کا لکھا ہے کاغذ پر

کارگر انگلیاں بنا لی ہیں

آندھیو! تم گناہ کر ڈالو

پھوس کی جُھگیاں بنا لی ہیں

ان کو میرے نصیب میں لکھ دو

چاند سی روٹیاں بنا لی ہیں

نیر تو لاؤ بدلیو! جا کر

تال میں مچھلیاں بنا لی ہیں

گھر میں تازہ ہوائیں آئیں گی

ذہن میں کھڑکیاں بنا لی ہیں

اب خزاں کو سلام بھیجوں گا

شاخوں پر پتیاں بنا لی ہیں

میری باتوں میں کچھ اثر دے دو

ہونٹوں پر سُرخیاں بنا لی ہیں

دل کو بہلا رہا ہوں ساجد جی

موم کی تتلیاں بنا لی ہیں


ساجد پریمی

No comments:

Post a Comment