Monday, 3 October 2022

شروع ہونے کا مطلب ہی اختتام نہ ہو

 شروع ہونے کا مطلب ہی اختتام نہ ہو

مِری شکست کہیں تجھ سے انتقام نہ ہو

انا زیادہ ضروری ہے سانس کی نسبت

سپاہی مرتا ہے مر جائے، پر غلام نہ ہو

مجھے تو دل نے عجب وسوسوں میں ڈال دیا

شکست و ریخت کسی طرز کا کلام نہ ہو

شناخت سب سے بڑا نفسیاتی مسئلہ ہے 

میں چاہتا ہوں کسی شے کا کوئی نام نہ ہو

ابھی تلک وہ مِری آنکھ سے نہیں نکلا

نئے شکاری کی جنگل میں پہلی شام نہ ہو

ہمیشہ ٹھہری ہوئی شے نشانہ بنتی ہے

خیال رکھنا کہ رہ میں کہیں قیام نہ ہو

سگِ زمانہ سلیقے سے عاری ہے حمزہ

سخنوری کسی درویش کا ہی کام نہ ہو


حمزہ یعقوب

No comments:

Post a Comment