Monday, 24 October 2022

جو تمہیں انجمن آرائی نظر آتی ہے

 جو تمہیں انجمن آرائی نظر آتی ہے

ہم کو تو اس میں بھی تنہائی نظر آتی ہے

اس لیے دل کے ہرے زخم ہوئے ہیں شاید

چشمِ احساس کو پُروائی نظر آتی ہے

آپ کے شعر میں الفاظ تو جیسے ہوں مگر

آپ کے شعر میں گہرائی نظر آتی ہے

اس لیے اور بھی سنتا ہوں انہیں غور سے میں

ان کی ہر بات میں گیرائی نظر آتی ہے

میری حالت کے فقط آپ تماشائی نہیں

ساری دنیا ہی تماشائی نظر آتی ہے

کس طرح آپ کے لہجے کی میں تعریف کروں

آپ کے جھوٹ میں سچائی نظر آتی ہے

وہ کھلی آنکھوں میں بینائی کہاں سے آئے

بند آنکھوں میں جو بینائی نہیں نظر آتی ہے

آپ محفل میں جو خاموش رہا کرتے ہیں

اس میں بھی آپ کی دانائی نظر آتی ہے

پہلے تنہائی بھی محفل کا مزا دیتی تھی

آج محفل میں بھی تنہائی نظر آتی ہے

پہلے سونا بھی ہمیں سستا نظر آتا تھا

آج پیتل پہ بھی مہنگائی نظر آتی ہے

آپ کو شعر نظر آتے ہیں لیکن مختار

ہم کو یہ قافیہ پیمائی نظر آتی ہے


مختار تلہری

No comments:

Post a Comment