عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ان کو مطلب ہی نہیں رہتا کسی زردار سے
جن کو امیدیں ہیں وابستہ مِرے سرکارؐ سے
چاند سورج کہکشاں تارے دِیے جگنو تمام
کرتے ہیں کسبِ ضیا سرکار کی سرکارؐ سے
رب عطا کرتا ہے اس میں شک نہیں کوئی مگر
نعمتیں ہوتی ہیں حاصل احمدِ مختارﷺ سے
ان کے دیوانوں کا عالم فاقہ مستی ہی سہی
وہ کبھی بِکتے نہیں ہیں درہم و دینار سے
اس کے خوابیدہ پلوں کا تذکرہ کیا ہو سکے
سر لگا کر سو گیا جو آپﷺ کی دیوار سے
روک سکتے ہیں وہ دانتوں سے کٹا کر اپنے ہاتھ
گر نہیں سکتا علم ہرگز علمبردار سے
شرط ہے مختار! گلزارِ مدینہ کا ملے
کام ہم لے لیں گے پھر تو پھول کا بھی خار سے
مختار تلہری
No comments:
Post a Comment