Monday, 4 March 2024

ہوں منسٹر مستند ہے میرا فرمایا ہوا

 زعفرانی غزل

منکہ ایک منسٹر ہوں


مرغیوں پر بھی کر سکتا ہوں اظہارِ خیال

اورسانڈوں پر بھی ہوں محفل میں سرگرمِ مقال

ریس کے گھوڑوں پہ بھی تقریر کر سکتا ہوں میں

اکبر و اقبال کی تفسیر کر سکتا ہوں میں

ہومیوپیتھک ہو یا دندان سازی کا کمال

باغبانی ہو کہ ہو رومی و رازی کا کمال

بات پھولوں کی ہو یا قومی ترانے کا بیاں

چاٹ ہو بارہ مسالے کی، کہ ہو اردو زبان

بو علی سینا کی حکمت، بات افلاطون کی

ایگری کلچر ہو یا شِق ہو کوئی قانون کی

داغ کا دیوان ہو یا ہو وہ ایٹم بم کا راز

ماہی گیری ہو کہ ربط و ضبطِ محمود و ایاز

مسئلہ تاریخ کا یا مبحثہ ہو علم کا

فلسفہ گلقند کا ہو یا ہو قصّہ فلم کا 

کشتۂ فولاد ہو یا شربتِ دینار ہو

بے ضروری سب پہ میری رائے کا اظہار ہو

"مدّعا عنقا ہے اپنے عالمِ تقریر کا"

شوق ہے دل میں مگر قرآن کی تفسیر کا

جتنے بھی شعبے ہیں، میں ان سب پہ ہوں چھایا ہوا

ہوں منسٹر مستند ہے میرا فرمایا ہوا


مجید لاہوری

No comments:

Post a Comment