عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مجھے بھی انتساب ہے اسی مہِ مبین سے
بلند جس کی شان ہے جہاں کے ہر حسین سے
جب ان کا عشق دل میں ہو تو دل عزیز کیوں نہ ہو
کہ ہے سدا شرف ملا، مکان کو مکین سے
وہ خوش ہوئے تو انبساط چھا گئی جہان پر
لرز اٹھی زمین ان کی چشمِ خشمگین سے
حلاوتِ کلام ان کی کس طرح بیاں کروں
ہزار بار خوش ہے جس کی لذت انگبین سے
ہے ذرّہ ذرّہ جس کا رشکِ مہر و ماہ و مشتری
مجھے بھی انتساب ہے عرب کی اس زمین سے
نبیﷺ کی راہ ہی فقط صراطِ مستقیم ہے
مِری نظر کو کیا غرض یسار اور یمین سے
لگی ہوئی ہے دیر سے نظر اسی دیار پر
بلائیں وہ تو دُور ہوں غم اس دلِ حزین سے
قاضی عبدالرحمٰن
No comments:
Post a Comment