Monday, 16 September 2024

وادئ بطحا کو جنت کے نظارے ہو گئے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


وادئ بطحا کو جنت کے نظارے ہو گئے

آپﷺ آئے تو سبھی ذرے ستارے ہو گئے

بے کلی کو آپﷺ نے بخشا سکوں کا ذائقہ

دل کی بے تابی کے سب ٹھنڈے شرارے ہو گئے

دور تک پھیلی ہوئی تاریکیاں بھی چھٹ گئیں

پھر منور ارض خاکی کے کنارے ہو گئے

آپﷺ کی آمد سے آیا انقلاب ایسا یہاں

بے سہارا تھے جو، اوروں کے سہارے ہو گئے

خدشۂ رنج و الم پیش نظر رکھتے نہیں

ہیں امانِ قدسیاں میں جو تمہارے ہو گئے

آپﷺ کی نسبت سے انجم کا ہوا دل مطمئن

آپﷺ کی رحمت سے میرے کام سارے ہو گئے


عبدالرحمٰن انجم

No comments:

Post a Comment