Monday 16 September 2024

ہے ثنائے مصطفیٰ سے روشنی گفتار میں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہے ثنائے مصطفیٰؐ سے روشنی گفتار میں

مدحتِ صل علیٰﷺ سے چاشنی اشعار میں

اک قصیدۂ نبیﷺ لکھوں تمنا ہے میری

گونج جس کی حشر تک باقی رہے سنسار میں

روضۂ آقاﷺ پہ جیسے اک سکونِ قلب ہے

کس قدر ہو گا سکوں پھر دامنِ سرکار میں

تا ابد جاری رپے گا سلسلہ یہ نور کا

قلبِ نبوی پر جو اترا تھا حرا کے غار میں

اک تخیل جگمگاتا سا ابھرتا ہے یونہی

نعت کہتی ہوں میں آقاﷺ آپ کے دربار میں

میں بھلا حسان بن ثابت سی خوش قسمت کہاں

روبرو مدح سرا جو آپﷺ کے انوار میں

آپﷺ کی سیرت مکمل اور اجمل سیدی

کیا بھلا پھر کھوجتے ہیں دامنِ اغیار میں

مشغلِ دنیا میں جو لب تر درودِ پاک سے

فرصتیں ان کو میسر کام کے انبار میں

دیں کی خاطر اہلِ مکہ کی وہ ہجرت، حوصلہ

نصرتِ دیں کا عجب اک ظرف تھا انصار میں

لوٹ کر طیبہ سے خلوت ہو، سنوں نہ کچھ کہوں

دل کہے کچھ دن رہوں اس کیف میں سرشار میں


اسماء جلیل قریشی

No comments:

Post a Comment