Sunday 15 September 2024

وفا کی بات ہے اہل وفا سے پوچھیں گے

 وفا کی بات ہے اہل وفا سے پوچھیں گے

یہ دل کی بات کسی دلرُبا سے پوچھیں گے

وہ کیسے ہجر کی راتیں گزارتا ہو گا

سحر کے وقت یہ بادِ صبا سے پوچھیں گے

یوں کتنی دیر ابھی اور ہم کو چلنا ہے

ہم عہد نو کے کسی رہنما سے پوچھیں گے

ہمیں خبر ہی نہیں گزرے ہیں کس اذیت سے

بجھے چراغوں کا قصہ ہوا سے پوچھیں گے

بھٹکتے پھرتے ہیں جس کے سبب یوں صحرا میں

جو لوٹ آئے تو اُس خوش ادا سے پوچھیں گے

کچھ اس طرح ہمیں لوٹا گیا ہے منزل پر

سمجھ میں آتا نہیں، رہنما سے پوچھیں گے

گزر رہی ہے یہ کیسے عذاب سے ہستی

کسی فقیر سے، اہلِ رضا سے پوچھیں گے

فلک سے اُتریں گی کب تک مسرتیں کیفی

بوقتِ سجدہ کبھی ہم خدا سے پوچھیں گے


کیفی فریدی

No comments:

Post a Comment