عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ہے رہنما ہر ایک جو فرمان آپﷺ کا
امت پہ آپ کی ہے یہ احسان آپﷺ کا
باندھے ہوئے تھے پیٹ پہ پتھر تو خود مگر
بھوکا گیا نہ کوئی بھی مہمان آپﷺ کا
ہے آپﷺ کا ہی تذکرہ سب کی زبان پر
کرتا ہے ذکر جا بجا قرآن آپﷺ کا
نکلے بتوں کو توڑنے تنہا ہی تھے حضور
تھا اک خدا پہ اس قدر ایمان آپﷺ کا
دونوں جہاں کے بالیقیں والی تھے وہ مگر
گھر میں برائے نام تھا سامان آپﷺ کا
عشاق و منکرین نے ہونا ہے بس جدا
ہے اصل میں تو حشر بھی میدان آپﷺ کا
جاوید جانتا ہی نہیں نعت کا ہنر
کچھ عقل مانگتا ہے یہ نادان آپﷺ کا
جاوید جدون
No comments:
Post a Comment