Monday 16 September 2024

حسرت بھری نگاہوں کو آرام تک نہیں

 حسرت بھری نگاہوں کو آرام تک نہیں

پلٹا وہ زندگانی کی پھر شام تک نہیں

جس کی طلب میں زندگی اپنی گُزار دی

اس بے وفا کے لب پہ مِرا نام تک نہیں

جو کہہ گئے تھے شام کو بیٹھیں گے آج پھر

کچھ سال ہو گئے کوئی پیغام تک نہیں

یہ رونقِ خیال تِری دید تک ہی تھا

مے تو ہے بات دُور کی اب جام تک نہیں

مدفن ہوں تیرے ہجر کی اک ایسی قبر میں

کتبے پہ جس کے آج کوئی نام تک نہیں

بے اختیار اُٹھتے ہیں میرے قدم ادھر

حالاں کہ اس گلی میں مجھے کام تک نہیں

اس نے مُراد شہر میں چرچا بہت کیا

میرے لبوں پہ ایک بھی الزام تک نہیں


علی مراد

No comments:

Post a Comment